Ab unhain dhunda chirage rukhe zaiba lekar

*••⊱اب انہیں ڈھونڈا چراغِ رخِ زیبا لیکر⊰••*
          ┄┅════❁﷽❁════┅┄               
╗══════•❁ا۩۝۩ا❁•═══════╔
       اب انہیں ڈھونڈا چراغِ رخِ زیبا لیکر
╝══════•○ ا۩۝۩ا ○•═══════╚
     🍁✍۔مَسْعُود مَحبُوب خان (ممبئی)🍁
               📱09422724040
         •┈┈•┈┈•⊰✿✿✿⊱•┈┈•┈┈•

      یہ دنیا دارالفناء ہے، ہر جاندار شئے کو موت کا ذائقہ چکھنا ہے، یہ زندگی کی حقیقت اور دنیا کا رواج ہے، ہر جان کو ایک مقررہ مدت گزار کر یہاں سے اپنے ربّ حقیقی کی طرف کوچ کرنا پڑتا ہے۔ کامیاب وہ ہے جو اللّٰہ کے دین کی سربلندی اور انسانیت کی خدمت میں اپنی زندگی کے قیمتی لمحات گزارے۔ اللّٰہ کے بندوں تک اللّٰہ کا پیغام کو پہنچانے کے لئے کمربستہ رہے۔ انہیں اوصاف سے متصف ہمارے رفیقِ زنداں، اسلام کے داعیٔ جناب محمد ابراہیم بھائی (پوسد) حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہمیں داغ مفارقت دے کر اپنے ربّ حقیقی سے جاملے۔ ڈاکٹر ابرار عارف سے موصول اس روح فرسا اور الم ناک خبر دیکھی تو جی بہت ملول ہوا۔ آپ کی رحلت کی خبر نے دل کو مغموم کر دیا ہے۔ إِنَّا لِلَّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ

      اللّٰہ تعالیٰ کا بے انتہا فضل و کرم ہے اس نے رشد و ہدایت کے ان مراکز کے ساتھ اس بندۂ گناہگار کو نسبت عطاء فرمائی۔ افسوس کہ ہمارے اُن سے مراسم کا وقت بہت تھوڑا رہا۔ ؎
حیف در چشم زدن صحبتِ یار آخر شد
روئے گُل سیر ندیدم و بہار آخر شد

      ابراہیم بھائی کے ساتھ گزارے وہ لمحات ایک کے بعد ایک نظروں کے سامنے سے گذر رہے ہیں، نمناک آنکھوں سے اپنے اس عزیز بھائی کے حق میں دعاگو ہوں کہ اللّٰہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے۔ مغفرت فرمائے، ہدایت یافتہ لوگوں میں مرحوم کا درجہ بلند فرمائے، ان کے حسنات قبول فرمائے اور سییات سے درگزر فرمائے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب فرمائے اور ان کے پسماندگان کی حفاظت فرمائے۔ مرحوم کی قبر کشادہ فرما اور اسے نور سے بھر دے۔ تحریک اسلامی کو ان کا نعم البدل عطاء فرمائے۔ آمین ثم آمین یا ربّ العالمین۔

       ابراہیم بھائی سے اس گنہگار کے مراسم 2009ء سے قائم ہوئے، اللّٰہ کے دین کی سعی و جہد کے ضمن میں ہمیں گرفتار کیا گیا اور اسی کی پاداش میں برادر عزیز ابراہیم بھائی، عبد الرزاق کچھی میمن اور اس بندۂ گناہگار کو پابند سلاسل کیا گیا۔ ابراہیم بھائی وہ شخص ہیں جو اگر چاہتے تو گرفتاری کے وقت ہم دونوں کو چھوڑ کر اپنی عافیت مناتے، اور یہ موقع انہیں میسر بھی ہوا، مگر سادہ لوح انسان نے صرف ہماری عافیت اور سلامتی کے لئے اپنے آپ کو بھی آزمائش و عزیمت کے لئے پیش کیا۔ واقعی یہ ان کی اللّٰہ کی راہ میں ایک قربانی تھی۔

     ہمارے وجود اس دنیا میں ایک سیاح کی حیثیت رکھتے ہیں۔ خوش نصیب ہیں وہ سیاح جو اپنے نیک کاموں کی وجہ سے دنیا والوں کے دلوں میں اپنی نیک یادیں چھوڑ جاتے ہیں۔

      جیل میں بھی داعیانہ اوصاف کا مظاہرہ کرتے رہے اور زندگی کی آخری سانسوں تک داعیانہ اوصاف لے کر اپنے ربّ حقیقی سے جاملے۔ واقعی یہ شخص اپنے اندر ایک کارواں تھا۔ سادگی والی زندگی، کبھی بھی اپنے اسٹیٹس کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہیں پایا۔ جب بھی فون کرتے وعظ و نصیحت اور تذکیری کلمات کے ذریعے میری رہنمائی کرتے۔ سادہ مگر دل نشین و دل پذیر اندازِ بیان ہوتا تھا۔ ہم دونوں میں عمر کا ایک خلا ہونے کے بعد بھی موصوف نے کبھی بھی بڑے ہونے کا احساس نہیں جتایا، کبھی بھی حکم دے کر کام نہیں کروایا، ہمیشہ عاجزی و انکساری کا مظاہرہ کرتے، بلکہ ایک دوست کی حیثیت سے کام لیتے تھے۔

      پابند صلوٰۃ ہونے ساتھ وہ نماز کو قائم کرنے والے بھی تھے۔ زنداں میں نماز کے اہتمام کے لئے ہمیشہ کوشاں رہتے، اکولہ و اطراف کے کئی خونخوار قسم کے مسلم قیدیوں سے قربت پیدا کی، انہیں زندگی کا مقصد و نصب العین سمجھانے کے لئے مصروف رہتے۔ ایسے ایسے قیدی جنہوں نے ایک لمبے عرصے سے نمازیں ادا نہیں تھی، انہیں جیل میں قائم کی گئی پنج وقتہ نمازوں میں پکڑ پکڑ کر نمازوں کا پابند بناتے ہوئے بھی دیکھا۔

      ابراہیم بھائی کا دل بہت خوش مزاج مگر کبھی کبھار سنجیدہ مزاج ہونے کا مظاہرہ کرتا رہا۔ گفتگو کا انداز بہت دھیما لہجہ، باتیں عام فہم اور سیدھی سادی تھی۔ جیل میں ایک ایک قیدی کو پکڑ کر اسلام کا درس اور دینی تعلیمات سے روشناس کرانے کا ملکہ ان میں نظر آتا رہا۔ جیل کی بندھی کھلنے کے بعد قیدیوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے، اسلام کے متعلق اعتراضات کا تشفی بخش جواب دیتے تھے۔ جیل کے متعصبانہ ذہنیت رکھنے والے قیدیوں سے قربت بڑھانے کے لئے پیش پیش رہتے تھے، کئی متعصب قیدیوں کو راہ راست پر لانے کا عظیم کام اللّٰہ تعالیٰ نے ہمارے اس عزیز رفیق سے لیا۔ جیلر سے ایک عام قیدی تک محترم کی مجموعی کوششیں یہی رہی کہ ان لوگوں پر اسلام کا رنگ چڑھ جائے۔ جیل میں ان کی اور اجتماعی کوششوں کے نتیجے میں ایک بڑی تعداد اسلام کے قریب آئی۔ جیل میں مسلم و غیر مسلم قیدیوں کے حق میں اللّٰہ کے حضور ہمیشہ دعائیہ کلمات ادا کرتے تھے۔

      زنداں میں جس ابراہیم بھائی کو میں نے دیکھا وہ مجھے صبر و استقامت کے کوہِ گراں، حق گوئی اور بیباکی میں آپ بے مثال نظر آئے۔ وہ ہمارے بہت اچھے دوست اور ہمدرد ساتھی تھے۔ آج میں نے اپنے اس ہمدرد، مخلص و مشفق رفیق کو کھو دیا۔ آپ کے یوں اچانک چلے جانے سے دل بہت غمگین ہے۔ اس بات کا افسوس بھی ہے کہ ہم نے آپ کی کما حقہ قدر نہیں کی۔ اس عالم میں مندرجہ ذیل اسلامی تعلیمات ہماری ہمت بندھائی ہے اور یاد دہانی کرواتی ہے کہ

      "إِنَّ لِلّٰهِ مَا أَخَذَ وَلَهٗ مَا أَعْطٰى، وَكُلُّ شَيْءٍ عِنْدَهٗ بِأَجَلٍ مُّسَمًّى"
       بے شک جو اللّٰہ تعالیٰ نے ہم سے لے لیا (مرحوم) وہ اسی کی ملکیت تھا اور جو کچھ اس نے عطاء فرما رکھا ہے، وہ بھی اسی کا ہے۔ اور ہر چیز کا اللّٰہ تعالیٰ کے ہاں ایک وقت مقرر ہے۔

موت اس کی ہے کرے جس پہ زمانہ افسوس

           •┅┄┈•※‌✤م✿خ✤‌※┅┄┈•
                     (10.05.2024)
       🍁مَسْعُود مَحبُوب خان (ممبئی)🍁
🏠 ال افشان، 7/4، شیلیش نگر، ممبرا،
       تھانہ- 400612، مہاراشٹر، الہند۔
📧masood.media4040@gmail.com
        Ⓜ️•••══ ༻م✿خ༺══•••Ⓜ️
                      ○○○○○○○○○

Comments

Popular posts from this blog

•صوتُ الشّیطان و مزمار الشّیطان•

Media Trial, in the mirror of reality & targets

Mazmoon nawesi ka nuskha